کچھ منگھڑت قصوں کی حقیقت

 

کچھ منگھڑت قصوں کی حقیقت

*کچھ منگھڑت  قصے اور انکے بارے میں حکم شرعی* 

1۔ معراج شریف کے حوالے سے مشہور ہے کہ سیدنا محمدﷺ  جب شب معراج آسمان پر پہنچے تو نعلین شریف اتارنا چاہا آواز آئی آپ نعلین شریف پہن کر تشریف لائیں تاکہ آپ کے نعلین کی برکت سے عرش اعظم کو فضیلت حاصل ہو۔

تحقیق: اعلحضرت فرماتے ہیں کہ یہ من گھڑت اور بے اصل ہے۔ (حوالہ الملفوظ کامل و احکام شریعت حصہ دوم ص 9 فتاوی شارح بخاری اول ص306)

 2۔ حضرت بلال رضی اللہ عنہ کی زبان میں لکنت تھی جسکی وجہ سے آپ شین کو سین پڑھتے تھے بعض یہودیوں نے طعنہ دیا کہ حضرت محمدﷺ نے مؤذن ایسا رکھا ہے جسے شین اور سین کی تمیز نہیں تو حضورﷺ نے حضرت بلال رضی اللہ عنہ کو اذان دینے سے منع کردیا تو اس روز صبح نہیں ہورہی تھی پھر صحابی بارگاہ نبی کریمﷺ میں حاضر ہو کر دن نہ ہونے کی شکایت کی تو جبریل علیہ السلام حاضر ہوے اور فرمایا جب تک حضرت بلال رضی اللہ عنہ اذان نہیں دیں گے صبح نہیں ہو گی الخ

تحقیق: نائب حضور مفتی اعظم ہند حضرت علامہ مفتی شریف الحق امجدی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ یہ واقعہ کسی بھی معتبر کتاب میں نہیں حضرت بلال رضی اللہ عنہ بہت فصیح تھے اور آپ کی آواز بہت پیاری تھی (فتاوی شارح بخاری)

 3۔ مشہور ہے کہ ایک مرتبہ حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ اپنے بیٹے یزید کو اپنے کاندھے پر بٹھائے جارہے تھے حضور اکرم ﷺ نے دیکھ کر فرمایا کہ جنتی باپ کے کاندھے پر جہنمی بیٹا ہے۔

تحقیق: یہ من گھڑت اور سفید جھوٹ ہے کیونکہ حضور ﷺ سن 11ھ میں وصال فرما گئے تھے اور یزید 25ھ میں پیدا ہوا یعنی آپﷺ کے وصال شریف کے 14یا 15سال بعد یزید پیدا ہوا پھر یہ کیونکر ہو سکتا ہے۔

4۔ حضرت اویس قرنی رضی اللہ عنہ نے جب یہ سنا کہ آپ ﷺ کا دانت شریف جنگ احد میں شہید ہوگیا تو آپ نے اپنے سارے دانت حضورﷺ کی محبت میں شہید کر ڈالے پھر آپ کے لیے اللہ تعالٰی نے کیلا پید کیا۔

تحقیق: یہ واقعہ سراسر من گھڑت اور وضع جہال ہے بعض تذکرہ کی کتابوں میں اگرچہ موجود ہے لیکن وہ بے دینوں کی ملاوٹ ہے فتاوی بریلی شریف میں ہے کہ ایسی روایت نظر سے نہ گزری اور نہ ہی ایسی روایت ہے (فتاوی بریلی شریف ص301)

تحقیق:حضور اکرمﷺکا کوئی دانت شریف مکمل شہید نہ ہوا تھا یعنی جڑسے نہ اکھڑا تھا۔شیخ محقق عبد الحق محدث دہلوی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ سرکارﷺ کہ دانت ٹوٹنے کا ہرگز یہ معنی نہیں کہ جڑ سے اکھڑ گیا ہوگا اور وہاں رخنہ پیدا ہوگیا ہوگا بلکہ ایک ٹکڑا شریف جدا ہوا تھا (اشعتہ اللمعات شرح مشکوۃ ج4ص515)

5۔ وہ کونسا افضل کام ہے جو اللہ کو بہت پسند ہے مگر حضورﷺ نے کبھی نہیں کیا؟ پھر جواب دیا جاتا ہے کہ وہ اذان ہے جو آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے کبھی نہیں دی۔

تحقیق: آپﷺ نے دو بار سفر میں اذان دی ہے (درمختار و دیگر کتب)

6۔عموماً لوگ نماز کے بعد مصلے کا ایک کونہ موڑ دیتے ہیں اور یہ کہتے ہیں کہ کھلا رہنے پر شیطان نماز پڑھتا ہے اس لیے موڑ دینا چاہیے۔

تحقیق: صرف مصلے کا ایک کونہ موڑنا بے اصل ہے اور یہ خیال سرے سے غلط ہے کہ شیطان نماز پڑھتا ہے (بہار شریعت و فتاوی رضویہ و تفہیم المسائل)

7۔ 70 مردے ایک قبر

سوال:لوگوں میں یہ مشہور ہے کہ قیامت کے روز ایک قبرسے 70مردے اٹھیں گے ،اس کی دینی حیثیت کیاہے؟
جواب:یہ صرف لوگوں کی بنائی ہوئی باتیں ہیں ،اس بات کی کوئی شرعی حیثیت نہیں ہے، ۔۔۔۔ایک قبر سے تعیین کے ساتھ ستر مردے اٹھائے جانے کی روایت ثابت نہیں ہے۔ مفتی منیب الرحمٰنMAY 04, 2018(جنگ اخبار)

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے